لاہور: ( روزنامہ دنیا ) پیپلزپارٹی کے بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی ایک ساتھ نہیں چل سکتیں، دونوں سمجھتے ہیں کہ اکٹھے ہوگئے تو انہیں نقصان ہوگا، نواز شریف کو ضمانت زبان بند رکھنے کی شرط پر ملی ہے اور وہ پلی بارگین بھی کرسکتے ہیں، شریف برادران کیلئے سیاست کرنا دشوار ہوگیا، ایک بڑے ملزم نے قلابازی ماری ہے اور خواجہ آصف نندی پور مقدمے میں استغاثہ کے گواہ بن گئے ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران اعتزاز احسن نے کہا کہ بلاول ٹرین مارچ کر رہے ہیں، جس پر میاں برادران کے لب سل گئے ہیں۔ ن لیگ لڈو اور رس گلے جلدی کھانا شروع کر دیتی ہے، ن لیگ نے اپنے فائدے کیلئے اپوزیشن کا کردار ہی چھوڑ دیا۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے ٹوئٹس کرنا ہی بند کر دی ہیں۔ انہوں نے امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف پلی بارگین بھی کرسکتے ہیں، اربوں روپے واپس کرنے ہیں یا نہیں یہ شریف برادران کیلئے امتحان ہے، نواز شریف کی بیماری پر ضمانت ہوئی ہے ، اس لیے وہ سیاست نہیں کرسکتے، جس دن گھر پر سیاست شروع کی تو اس روز معاملات اور ہوں گے۔
اعتزاز احسن نے کہا کہ حکومت دشوار مراحل میں ہے، عمران خان کی حکومت اپوزیشن میں اتحاد نہ ہونے کے باعث قائم ہے۔