ملتان: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن کی جانب سے جا ری کر دہ غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق ضمنی الیکشن پی پی 218 میں تحریک انصاف کے امیدوار ملک واصف مظہر راں 46 ہزار 988 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے جبکہ پیپلز پا رٹی کے امیدواررارشد راں 39 ہزار 486 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
الیکشن کا ٹرن آؤٹ 46 فیصد رہا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی الیکشن کا سرکاری و حتمی رزلٹ آج جا ری کیا جا ئے گا، دریں اثنا، تحریک انصاف کے ووٹ بینک میں 1 ہزار 116 کا اضافہ ہواجبکہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے ووٹ بینک میں 23 ہزار 113 ووٹوں کی کمی آئی، 10 ماہ قبل عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدوار ملک مظہر عباس راں (مرحوم) نے 45 ہزار 872 ووٹ جبکہ مسلم لیگ ن کے امیدوار ظفر راں نے 25 ہزار 89 اور پیپلز پارٹی کے امیدوار محمد عباس راں نے 37 ہزار 530 ووٹ حاصل کئے تھے۔
اس طرح گزشتہ عام انتخابات میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے مل کر 62 ہزار 619 ووٹ حاصل کیا تھا مگر اب دونوں جماعتیں مل کر بھی اتنا ووٹ حاصل نہ کر سکیں، جبکہ تحریک انصاف نے ایک ہزار 116 ووٹ زیادہ حاصل کئے۔