اسلام آباد: (دنیا نیوز) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف تحریک التوا اور توجہ مبذول کرانے کا نوٹس سینیٹ سیکریٹریٹ میں جمع کروا دیا ہے۔
سینیٹ میں جمع کروائی گئی تحریک التوا میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے یکم اپریل سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر اضافہ کر دیا ہے۔ مذکورہ اضافہ آئی ایم ایف سے قرضوں کے حصول کے لیے حکومت کی حالیہ ڈیل کے تحت طے کردہ شرائط کا حصہ ہے۔
سراج الحق کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریک التوا میں مزید کہا گیا ہے کہ اس ظالمانہ اضافہ کے خلاف عوام سراپا احتجاج ہیں۔ گزشتہ 8 ماہ کے دوران حکومت نے مہنگائی کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ توجہ مبذول کرانے کے نوٹس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اور ناجائز اضافہ کے خلاف سینیٹ کو نوٹس لینے کا کہا گیا ہے۔
سینیٹر سراج الحق نے نیوزی لینڈ سانحہ اور وزیراعظم جیسینڈا آرڈرن اور اس کی کابینہ کی طرف سے مسلمانوں کیساتھ مسلسل اظہارِ یکجہتی کے حوالہ سے دو صفحات پر مشتمل قرارداد بھی سینیٹ میں جمع کرائی ہے۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ سرکاری سطح پر نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کو خیر سگالی کے جذبے کے تحت پاکستان آنے کی دعوت دی جائے اور اُنہیں اس جراتمندانہ رویے پر اعلیٰ ترین سول ایوارڈ دیا جائے۔