اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیب ایگزیکٹو بورڈ نے 6 نئے ریفرنسز دائر کرنے کی منظوری دے دی۔
نیب اعلامیے میں کہا گیا کہ اومنی گروپ کے عبدالغنی مجید اور دیگر کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی، ملزمان پر جعلی اکاؤنٹس اور 7 ایکڑ سرکاری اراضی کی غیرقانونی الاٹمنٹ کا الزام ہے، ملزمان نے قومی خزانے کو ایک ارب 42 کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا۔
سابق ایڈمنسٹریٹر ایم سی محمد حسین سعید، سابق ڈائریکٹر سی ڈی اے غلام سرور، علی گوہر ڈاہری کیخلاف بدعنوانی کاریفرنس فائل کرنے کی منظوری دی گئی۔ ملزمان پراختیارات کے ناجائز استعمال، غیرقانونی بھرتیاں اور خزانے کو 7 کروڑ 48 لاکھ کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔
چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا ہے ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کی پالیسی پر گامزن ہیں، نیب کی پہلی اور آخری وابستگی پاکستان ہے۔