اصغر خان کیس: سپریم کورٹ نے ایف آئی اے سے ضمنی رپورٹ طلب کرلی

Last Updated On 02 April,2019 01:42 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اصغر خان کیس میں سپریم کورٹ نے ایف آئی اے سے ضمنی رپورٹ طلب کرلی، عدالت نے حکم دیا نشاندہی کی جائے کہ بینک اکاؤنٹس کون چلا رہا تھا اور جو ریکارڈ نہیں ملا وہ کس کے پاس ہونا چاہیے۔

2 رکنی بنچ کے سربراہ جسٹس عظمت سعید نے کہا میرا خیال ہے کہ رقم لینے والوں کا پتا چل جائے گا، ایف آئی اے جس راستے پر لے جانا چاہتی ہے اس پر نہیں جائیں گے، ہم کیس بند کرنے نہیں جا رہے۔ وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا جن لوگوں نے اپنے کردار کو تسلیم کیا ہوا ہے ان کیخلاف کارروائی ہونی چاہیئے۔ جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیئے ہم مرحلہ وار اس کیس کو لے کر چلیں گے، اس منزل پر نظر رکھنی ہے جہاں پہنچنا ہے۔

عدالت نے حکم دیا کہ ایف آئی اے ضمنی رپورٹ پیش کرے کہ بینک اکاؤنٹس کون چلا رہا تھا، یہ بھی نشاندہی کریں کہ جو ریکارڈ موجود نہیں وہ کس کے پاس ہانا چاہیئے، پیسے لینے والوں سےمتعلق شواہد یا شکوک سے متعلق بھی آگاہ کریں، رقم لینے سے انکار کرنے والوں کا نام بھی رپورٹ میں شامل کیا جائے۔ کیس کی مزید سماعت 22 اپریل کو ہو گی۔