راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج نے بھارت کی اشتعال انگیزی کا موثر اور منہ توڑ جواب دیتے ہوئے دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا ہے۔ جوابی کارروائیوں میں 7 بھارتی فوجی ہلاک جبکہ 19 کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج کی گزشتہ دنوں سے کنٹرول لائن پر اشتعال انگیزیوں میں تیزی آ چکی ہے جس کا پاک فوج نے موثر جواب دیتے ہوئے ان کو بھاری نقصان پہنچایا ہے۔
پاک فوج کی جوابی کارروائی سے کئی بھارتی چوکیوں کو نقصان پہنچا ہے۔ پاک فوج کی جوابی کارروائیوں میں 7 فوجی ہلاک جبکہ 19 زخمی ہو گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا: کور کمانڈرز کانفرنس
آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ روز بھارتی فوج کی فائرنگ سے تبادلے کے نتیجے میں تین پاکستانی جوان شہید ہوئے تھے۔ تینوں شہیدوں کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔
پاک فوج کا کہنا ہے کہ آج بھارتی فوج نے کھوئی رٹہ سیکٹر میں شہری آبادی پر جان بوجھ کر گولہ باری کی۔ بھارتی گولہ باری سے 18 سال کا نوجوان شہید جبکہ تین خواتین زخمی ہوئیں۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے بھارتی فوج کے اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ شہری آبادی کو نشانہ بنانا قابل مذمت ہے۔ بھاری فائرنگ سے ایک نوجوان شہید جبکہ تین خواتین زخمی ہوئیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتیوں کے سر پر آئی ایس پی آر کا خوف سوار ہو گیا
گزشتہ روز بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے تین جوان شہید ہو گئے تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے راولا کوٹ سیکٹر رکشکری پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی جس میں صوبیدار محمد ریاض، لانس حوالدار عزیز اللہ اور سپاہی شاہد منصب نے جام شہادت نوش کیا۔ پاک فوج کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی عمل میں لائی گئی اس دوران پاک فوج نے بھارتی فوجیوں کی پوسٹوں کو بھی نشانہ بنایا۔
یہ بھی پڑھیں: 27 فروری کا واقعہ تاریخ کا حصہ بن گیا ہے، آئی ایس پی آر
آج آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں عسکری قیادت نے ملکی دفاع کیلئے دوبارہ اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی جارحیت کا بھرپور انداز میں جواب دیا جائے گا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف کامیابیوں کے حصول کے بعد پاکستان مثبت سمت بڑھ رہا ہے۔ پاکستان ایسا ملک ہے جہاں اب طاقت کے استعمال کا حق صرف ریاست کو حاصل ہے۔