اسلام آباد ہائیکورٹ: فیصل سخی بٹ کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری

Last Updated On 03 April,2019 06:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق صدر آصف علی زرداری کے قریبی دوست فیصل سخی بٹ کی درخواست پر نیب کو نوٹس کر دیا ہے۔

جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل سخی بٹ کی درخواست کی ابتدائی سماعت کی۔ فیصل سخی بٹ نے نیب کے طلبی سمن کو چیلنج کر رکھا ہے۔

فیصل سخی بٹ کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ نیب ان کے موکل کو ہراساں کر رہا ہے۔ نیب کو پارک لین کمپنی کی تحقیقات سے روکا جائے۔ میرے موکل نے پارک لین کمپنی کو صرف اراضی فروخت کی تھی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ بطور شہری مجھے اپنی جائیداد کی فروخت کا حق حاصل ہے۔ چیئرمین نیب کو نجی لین دین پر سوال اٹھانے کا اختیار نہیں ہے۔ عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت دو ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔