لاہور: (دنیا نیوز) فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے ڈالر کی ذخیرہ اندوزی اور اور منی لانڈرنگ میں ملوث افراد کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے دو ملزموں کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ملزموں میں حسن غلام غوث اور عمر ڈار شامل ہیں۔ ملزموں نے روپے کی قیمت کو گرانے کے لئے ڈالر کی ذخیرہ اندوزی کی اور مصنوعی قلت پیدا کی گئی۔ مصنوعی قلت سے ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہوا۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے ایف اے کی 6 ٹیموں نے لاہور کی منی ایکسچینجز پر چھاپے مارے، ریکارڈ کا معائنہ کیا اور کروڑوں مالیت کے ڈالرز اور پاکستانی کرنسی تحویل میں لے لی گئی۔ ملزموں کیخلاف متعلقہ سرکلز میں مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب وزارت داخلہ کی جانب سے کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے لاہور نے مختلف علاقوں میں غیر قانونی منی ایکسچینچ کے خلاف چھاپے مارے۔ کارروائی کے دوران کروڑوں مالیت کی کرنسی برآمد کی گئی۔
وزیر داخلہ کی ہدایت پر ڈالر کی ذخیرہ اندوزی اور اور منی لانڈرنگ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کیلئے چھ ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔ کارروائی کے دوران دو افراد گرفتار کئے گئے۔ چھاپے منی لانڈرنگ اور ڈالر کے ریٹ بڑھنے کی وجہ سے مارے گئے۔