آزاد کشمیر میں ٹریفک کے مختلف حادثات، 13 افراد جاں بحق

Last Updated On 07 April,2019 08:34 pm

مظفر آباد: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر میں ٹریفک کے چار مختلف حادثات میں تیرہ افراد جاں بحق، خاتون سمیت سات زخمی ہو گئے۔ وادی نیلم میں کل سے ایک روزہ سوگ کا اعلان بھی کر دیا گیا۔

 

وادی نیلم سے مظفر آباد آنیوالی بدنصیب مسافر جیپ پنجگراں کے مقام پر گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں سات افراد جاں بحق ہو گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔

ریسکیو اہلکاروں نے نعشوں کو سی ایم ایچ مظفر آباد منتقل کر دیا۔ ضلع پونچھ میں باغاں پڑکوٹ کے قریب ایک اور ٹریفک حادثے میں جیپ کھائی میں گرنے سے چار افراد جاں بحق جبکہ ایک بچے سمیت چھ زخمی ہو گئے۔

زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ وادی نیلم میں کٹن کے مقام پر موٹر سائیکل نالہ میں گرنے سے سوار خاتون جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہو گیا۔

ایک اور حادثے میں جہلم ویلی روڈ پر دھنی کے مقام پر ٹرک نے موٹر سائیکل سوار کو کچل دیا جو موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے رتڑہ پنجگراں جائے حادثہ کا دورہ کیا اور لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا۔

وادی نیلم میں مسافر جیپ حادثے پر ایک روزہ سوگ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ سرکاری اور نیم سرکاری اداروں میں صبح کا آغاز فاتحہ خوانی سے کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر ضلع نیلم کے مطابق جاں بحق افراد کی میتیں سرکاری اعزاز کیساتھ گھروں تک پہنچائی گئی ہیں۔