کراچی: (دنیا نیوز) گزشتہ رات ٹول پلازہ پر ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے والے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی خواجہ اظہار الحسن کو کامیاب مائنیر سرجری کے بعد ریکوری روم میں شفٹ کر دیا گیا ہے۔
ڈاکٹرز کے مطابق سر اور کمر کے مہرے پر چوٹیں آئی ہیں۔ گورنر سندھ، صوبائی وزیر بلدیات سندھ سمیت دیگر سیاسی شخصیت نے خواجہ اظہار کی عیادت کی۔
گزشتہ رات سپر ہائی وے پر ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن کی گاڑی گھوٹکی سے واپسی پر ٹریفک حادثے کا شکار ہو گئی تھی۔ حادثے کے فوری بعد خواجہ اظہار الحسن اور ان کے محافظوں کو سٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔
متحدہ رہنماوں کے مطابق خواجہ اظہار کی سٹی سکین رپورٹ بھی تسلی بخش آئی ہے۔ معمولی سرجری کے بعد انہیں ریکوری روم میں شفٹ کر دیا گیا ہے۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل اور ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ان سے ملاقات کی اورخیریت بھی دریافت کی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ خواجہ اظہار کی طبیعت پہلے سے بہتر ہے۔
صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی اور ڈاکٹر فاروق ستار بھی خواجہ اظہار الحسن کی عیادت کرنے ہسپتال پہنچے۔ فاروق ستار نے بتایا کہ سخت زخم آنے کے باعث خواجہ اظہار کا خون بہت بہا ہے۔
خواجہ اظہار کے ہمراہ زخمی ہونے والے گن مینوں کی حالت بھی اطمینان بخش بتائی جاتی ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق مریضوں کی طبیعت دیکھتے ہوئے ڈسچارج کرنے کا فیصلہ کریں گے۔