العزیزیہ ریفرنس میں سزا کیخلاف نواز شریف کی اپیل پر سماعت آج ہوگی

Last Updated On 09 April,2019 12:02 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ آج العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف نواز شریف کی اپیل پر سماعت کرے گا جبکہ فلیگ شپ ریفرنس میں بریت کے خلاف نیب کی درخواست پر بھی شنوائی ہوگی۔

جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں 2 رکنی ڈویژن بنچ درخواستوں پر سماعت کرے گا۔ ادھر سابق وزیر اعظم نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کر دی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ وہ علالت کے باعث پیش نہیں ہوسکتے۔

درخواست کے ساتھ شریف میڈیکل سٹی ہسپتال کا تصدیق شدہ میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی لگایا گیا ہے جس میں بتایا گیا کہ نواز شریف کو امراض قلب کے ساتھ ساتھ گردوں کی تکلیف بھی ہے، ان کا روزانہ معائنہ کیا جاتا ہے اور 24 گھنٹے زیر نگرانی رکھا جا رہا ہے۔