پنجاب میں 77 نئی گاڑیوں کی خریداری کا معاملہ، اسمبلی میں قرارداد جمع

Last Updated On 09 April,2019 04:11 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت کی جانب سے 77 نئی گاڑیوں کی خریداری کے معاملے پر پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی گئی۔ غلط بیانی کرنے پر حکومتی ترجمان فواد چودھری اور ڈاکٹر شہبازگل کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا گیا۔

مسلم لیگ ن کی رکن پنجاب اسمبلی عنیزہ فاطمہ کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ گاڑیوں کی خریداری کے معاملے پر حکومتی ترجمانوں کے خلاف غلط بیانی پر کارروائی کی جائے، وزیراعلی کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل اور وفاقی وزیراطلاعات کو عہدے سے ہٹایا جائے۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایس اینڈ جی اے ڈی کی سمری میں واضح لکھا ہے کہ وزیراعلی پنجاب نے گاڑیاں خریدنے کی منظوری دیدی ہے، کچھ تحفظات ظاہر کئے کہ مزید فنڈز کے اجراء کے لئے طریقہ کار اپنانے کی ہدایات بھی کی گئی، ڈاکٹر شہباز گل، فواد چودھری نے اس ضمن میں بے بنیاد اور حقائق کے برعکس معلومات فراہم کیں، حقائق کے برعکس اطلاعات فراہم کرنے سے عوام میں شدید مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔