رسالپور: (دنیا نیوز) اصغر خان اکیڈمی رسالپور میں پاک فضائیہ کی 141 ویں جی ڈی پی کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی، ترک فضائیہ کے کمانڈر جنرل حسن کیچی کاکیاز تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ پاک فضائیہ کے ریٹائرڈ اور حاضر افسران سمیت کیڈٹس کے والدین بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
شاہینوں نے فلائی پاسٹ کا شاندار مظاہرہ کر کے داد سمیٹی، ہوا بازوں نے پاک فضاؤں کے نیلے آسمان پر فنی مہارت دکھائی۔ اس سے قبل شاہینوں کی 141 ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی۔ چیف آف ایئر سٹاف مجاہد انور خان نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔ ترک فضائیہ کے کمانڈرجنرل حسن کیچی کاکیاز نے پریڈ کا معائنہ کیا۔
پاک فضائیہ کے بینڈ نے لہو گرما دینے والی دھنیں فضا میں بکھیریں۔ کیڈٹس نے لہو گرما دینے والے فٹ ورک کا مظاہرہ کیا۔ کیڈٹس نے مارچ پاسٹ کیا اور مہمان خصوصی سلامی دی۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔ معزز مہمان نے کامیاب کیڈٹس کو فلائنگ بیجز لگائے۔ اعزازی شمشیر ونگ انڈر آفیسر فیصل شفقت، ایروناٹیکل انجینئرنگ میں اعزازی شمشیر کیڈٹ حماس بن شہاب کو ملی۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف ٹرافی کیڈٹ طلحہ افتخار نے حاصل کی۔ بہترین پائلٹ کی ٹرافی اجلال ظفر جبکہ نیوی گیشن کورس ٹرافی فہیم عباس کو دی گئی۔