ترک فضائیہ کے کمانڈر کا پی اے ایف ہیڈ کوارٹرز کا دورہ، ایئرچیف سے ملاقات

Last Updated On 10 April,2019 02:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) کمانڈر ترک فضائیہ جنرل حسن کیچیکاکیاز کی سربراہی میں ایک وفد نے ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ ایئرچیف سے ملاقات کی جس میں علاقائی سلامتی اور باہمی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد آمد پر پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل مجاہد انور خان نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ پاک فضائیہ کے چاق وچوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ معزز مہمان نے پاک فضائیہ کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ بعد ازاں کمانڈر ترک فضائیہ نے پاک فضائیہ کے سربراہ سے انکے آفس میں ملاقات کی اوراس دوران علاقائی سلامتی اور باہمی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کمانڈر ترک فضائیہ نے حالیہ سالوں میں پاک فضائیہ کی خود انحصاری کے میدان میں غیر معمولی ترقی کی تعریف کی۔

پاک فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان غیر متزلزل تعلقات اس بات کے غماز ہیں کہ ترکی نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ دونوں معزز شخصیات نے فضائی افواج کے درمیان بے مثال دوستانہ تعلقات کو نئی جہتوں سے روشناس کرانے کے عزم کا اعادہ کیا۔