شہباز شریف کا ترک صدر کو فون، بلدیاتی انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد

Last Updated On 05 April,2019 02:42 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے ترک صدر رجب طیب اردوان کو فون کر کے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ آپ کی کامیابی ترک عوام کی آپ سے والہانہ محبت اور آپ پر بے مثال اعتماد کا ثبوت ہے۔

 شہباز شریف کا ترک صدر اردوان کو کہنا تھا کہ انتخاب میں کامیابی ترک عوام کی جانب سے آپ کی خدمات اور پر خلوص جذبوں کا اعتراف ہے، بھارتی جارحیت کے موقع پر آپ نے پاکستان کا ساتھ دے کر پاک ترک دوستی کی لازوال تاریخ رقم کی ہیں، بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے پر پاکستان کے عوام آپ کے لیے دلی محبت اور احترام کے جذبات کا اظہار کرتے ہیں۔

ترک صدر رجب طیب اردوان نے خیر سگالی کے جذبات اور مبارکباد پر شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔ صدر اردوان نے کہا نواز شریف کی صحت یابی اور تندرستی کے لیے دعا گو ہوں، آپ دونوں بھائیوں نے پاکستان کی ترقی، عوام کی خوشحالی اور پاک ترک دوستی کے فروغ کے لیے قابل قدر کام کیا ہے، پاکستان اور ترکی برادر اسلامی ملک ہیں اور ہمیشہ کی طرح ساتھ رہیں گے۔