انقرہ: (دنیا نیوز) ترک صدر کا کہنا ہے کہ ترکی میں کرائسٹ چرچ جیسا واقعہ ہوتا تو حملہ آور کو کفن میں بھیجتے، ان کی انتخابی ریلی میں نیوزی لینڈ دہشت گردی واقعہ مرکز بحث بن گیا، طیب اردوان نے سفاک قاتل کی ویڈیو ریلی میں دکھا دی، ویڈیو دکھانے پر نیوزی لینڈ کے وزیرخارجہ نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔
ترک صدر طیب اردوان کا کرائسٹ چرچ کی مساجد میں فائرنگ کرنے والے سفاک قاتل پر شدید غصے کا اظہار، انتخابی ریلی میں بڑی سکرین پر واقعے کی فوٹیج دکھاتے ہوئے کہا کہ ترکی میں ایسا واقعہ ہوتا تو حملہ آور کو کفن میں بھیجتے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے لیڈر، اقوام متحدہ سمیت تمام تنظیمیں اسے اسلام اور مسلمانوں پر حملہ تسلیم کرتے ہیں، لیکن کوئی یہ نہیں کہتا کہ یہ عیسائی دہشت گردی ہے۔ اگر یہ کوئی مسلمان ہوتا تواسے اسلامی دہشت گردی کہا جاتا۔
ریلی میں ویڈیو دکھانے پر نیوزی لینڈ کے وزیرخارجہ نے نا پسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔ ونسٹن پیٹرز نے کہا کہ ویڈیو کی ترویج سے نیوزی لینڈ کی ساکھ کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔