لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے اب کسی کو ڈبل شاہ نہیں بننے دیں گے، کوئی بھی فرد نیب تحقیقات پر اثر انداز نہیں ہو سکتا۔
قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے فیروز پور روڈ ہاؤسنگ سوسائٹی کے متاثرین میں 73 کروڑ کی رقم تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے، نیب اینٹی کرپشن کا فعال ادارہ بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیب مقدمات میں ٹرائل کورٹ میں سزا کی شرح 70 فیصد سے زائد ہے۔ نیب نے اپنے قیام سے اب تک لوٹے گئے 303 ارب قومی خزانے میں جمع کروائے۔
ان کا کہنا تھا کہ نیب کے 900 ارب مالیت کے ریفرنسز عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔ نیب سارک اینٹی کرپشن فورم کا پہلا چیئرمین ہے۔ نیب نے راولپنڈی بیورو میں پہلی فرانزک سائنس لیبارٹری قائم کی۔