آشیانہ ہاؤسنگ کیس: نعیم بخاری کی 18 اپریل کو پیش ہونے سے معذرت

Last Updated On 17 April,2019 06:46 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) کے وکیل نعیم بخاری نے آشیانہ ہاؤسنگ سکینڈل میں شہباز شریف اور فواد حسن فواد کی ضمانت منسوخی سے کیس میں 18 اپریل کو پیش ہونے سے معذرت کر لی ہے۔

 

نعیم بخاری کی جانب سے درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ میڈیکل چیک اپ کے باعث پیش نہیں ہو سکتا۔ نعیم بخاری نے درخواست میں بتایا کہ نیب کی مقدمات میں پیش ہونے کی درخواست قبول کر لی ہے، ان مقدمات کی پیروی کیلئے کوئی فیس نہیں لے رہا۔

ایڈووکیٹ نعیم بخاری نے عدالت سے کیس 22 اپریل کے بعد شروع ہونے والے ہفتے میں مقرر کرنے کی استدعا کر دی ہے۔

واضح رہے کہ شہباز شریف اور فواد حسین فواد کی ضمانت کے خلاف نیب کی اپیلیں کل اٹھارہ اپریل کو سپریم کورٹ میں سماعت کیلئے مقرر ہیں۔

واضح رہے کہ نعیم بخاری پاناما کیس میں پی ٹی آئی کی جانب سے نواز شریف کے خلاف کیس لڑ چکے ہیں۔ نعیم بخاری سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اور لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سابق ڈائریکٹر احد چیمہ کے خلاف بھی نیب کی معاونت کریں گے۔

گزشتہ دنوں نیب راولپنڈی نے ایک پریس ریلیز میں بیان جاری کیا تھا کہ نیب نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف، فواد حسن فواد اور احد چیمہ کے خلاف سپریم کورٹ میں چلنے والے کیسز میں سپریم کورٹ کے وکیل نعیم بخاری کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔ نیب کا شعبہ پراسیکیوشن اس حوالے سے ان کی معاونت بھی کرے گا۔