اسلام آباد (دنیا نیوز) اسد عمر کے حالیہ فیصلے کے بعد وزارتوں میں ردوبدل کےحوالےسے صوبائی دارلحکومت میں مشاورت جاری ہے جبکہ ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ کا قلمدان ٹیکنوکریٹ کو دیا جائے گا۔
نئےوزیرخزانہ کاآج شام تک اعلان کیےجانےکاامکان ہے۔
پاکستان کے وزیر خزانہ اسد عمر نے کابینہ چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھوں نے اپنے دور میں ملکی معیشت کی بہتری کے لیے مشکل فیصلے کیے اور ان کی جگہ لینے والے وزیرِ خزانہ کو بھی معاشی چیلنجز کا سامنا رہے گا۔
اسد عمر نے جمعرات کو پہلے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے بیان میں کہا کہ وہ اپنی وزارت سے الگ ہو رہے ہیں اور پھر ایک پریس کانفرنس میں اپنے اعلان کی وجوہات بیان کیں۔
اسد عمر نے اپنے پیغام میں کہا ’وزیرِ اعظم کابینہ میں رد و بدل کے نتیجے میں چاہتے ہیں کہ میں وزارت خزانہ کی جگہ توانائی کا قلمدان سنبھال لوں۔ لیکن میں نے ان کی مرضی سے فیصلہ کیا ہے کہ میں کابینہ میں کوئی بھی عہدہ نہیں لوں گا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا ’مجھے یقین ہے کہ عمران خان پاکستان کی واحد امید ہیں اور انشااللہ نیا پاکستان ضرور بنے گا۔‘
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے اپنے دور میں معیشت کی بہتری کے لیے مشکل فیصلے کیے اور نئے وزیر خزانہ کو بھی معاشی چیلنجر کا سامنا ہوگا، تحریکِ انصاف کی حکومت کے قیام کے وقت جہاں پاکستانی معیشت تھی وہ بدترین صورتحال تھی جس سے باہر نکلنے کے لیے فیصلے کیے گئے تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’اس کا مطلب یہ نہیں کہ اب معیشت بہتر ہو گئی ہے۔‘
اسد عمر نے کہا کہ پاکستان میں معیشت کی بنیادی چیزوں کو جب تک ٹھیک نہیں کیا جائے گا مسائل حل نہیں ہوں گے۔ انھوں نے واضح کیا کہ وہ پی ٹی آئی نہیں چھوڑ رہے اور عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔