اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل بہتر بنانے کیلئے 47 سفارشات پیش کر دی ہیں جن میں رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم کے استعمال کی مخالفت کی گئی ہے اور کاغذات نامزدگی فارمز کو قانون کی بجائے رولز کا حصہ بنانے کی سفارش شامل ہے۔
الیکشن کمیشن کی نے انتخابات کے حوالے سے سفارشات تیار کی ہیں جن کے مطابق الیکشن شیڈول کا وقت 60 کی بجائے 90 دن کیا جائے، انتخابات میں بغیر پائلٹ ٹیسٹ کے ٹیکنالوجی استعمال نہ کی جائے۔ رزلٹ مینجمنٹ سسٹم کا استعمال بھی تجربات کے بعد کیا جائے۔
سفارشات میں مزید کہا گیا ہے کہ واٹر مارک کی بجائے دیگر سیکورٹی والے بیلٹ پیپرز استعمال کیا جائے، سیاسی جماعتیں اخراجات کے لیے الگ بینک اکاونٹس کھلوائیں، تصاویر والی ووٹر لسٹیں امیدواروں کو فراہم نہ کی جائیں۔
خواتین ووٹرز کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ خواتین ووٹرز کی رجسٹریشن کے لیے نادرا انتظامات کرے جبکہ سیاسی جماعت کی رجسٹریشن کے لیے 2 ہزار ارکان میں سے 20 فیصد خواتین ہونی چاہیں۔ حلقہ بندیاں حکومتیں ختم ہونے سے ایک سال پہلے مکمل کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔