الیکشن کمیشن ارکان کی تقرری کا خط، اپوزیش لیڈر نے اعتراض اٹھا دیا

Last Updated On 28 March,2019 07:17 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے الیکشن کمیشن ارکان کی تقرری کیلئے مزید نام تجویز کر دیے ہیں۔ تاہم سیکرٹری وزیراعظم کی جانب سے لکھے گئے خط پر اپوزیشن لیڈر نے اعتراض اٹھا دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ممبران کی تقرری کے معاملے پر حکومت نے اپوزیشن کو مزید تین، تین نام تجویز کر دیے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے مشاورت کے لئے خط اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کو ارسال کر دیا گیا ہے۔

وزیراعظم کے سیکرٹری اعظم خان کی جانب سے اپوزیشن لیڈر کو لکھے گئے خط میں ممبر بلوچستان اور سندھ کے لئے تین، تین نام تجویز کئے گئے ہیں۔

بلوچستان کے لئے امان اللہ بلوچ، منیر کاکڑ اور نوید جان بلوچ جبکہ سندھ کے لئے خالد محمود صدیقی، فرخ ضیا شیخ اور اقبال محمود کے نام تجویز کیے گئے ہیں۔ وزیراعظم کے پرنسل سیکرٹری کا خط اپوزیشن لیڈر کو موصول ہو گیا ہے۔

دنیا نیوز ذرائع کے مطابق سیکرٹری وزیراعظم کی جانب سے لکھے گئے خط پر اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ آئین کے تحت خط براہ راست وزیراعظم کی جانب سے لکھا جانا چاہیے۔

ذرائع کے مطابق اپوزیش لیڈر کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراض میں کہا گیا ہے کہ آئین کے تحت وزیراعظم اپوزیشن لیڈرسے براہ راست مشاورت کے پابند ہیں۔ الیکشن کمیشن اراکین کے تقرر کیلئے وزیراعظم خود خط لکھیں۔