اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ ہمارے دور میں ایک وزیر خزانہ کی تبدیلی اگر ناکامی ہے تو پیپلز پارٹی کے دور میں 4 وزرائے خزانہ تبدیل ہوئے، کسی ملک کی معیشت مانپنے کا یہ کوئی پیمانہ نہیں، پیپلز پارٹی کے دور میں قرضوں میں 135 فیصد اضافہ ہوا۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ معیشیت کا اصل نقصان کرپشن سے ہوا، جنہوں نے ملک سے پیسہ لوٹا آج ان کے خلاف روز بروز نئے انکشافات سامنے آ رہے ہیں۔ اب ان کو پکڑا جا رہا ہے، ان کے گرد گھیرا تنگ ہو رہا ہے، یہ کام حکومت نہیں، عدالتیں اور ریاستی ادارے کر رہے ہیں۔
سابق وزیرخزانہ نے کہا کہ بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ پاکستان میں معاشی قتل ہو رہا ہے، تو پیپلز پارٹی کے دور میں قرضوں میں 135 فیصد اضافہ ہوا، محصولات میں اوسط 8 فیصد سالانہ کمی ہوئی اور بجٹ کا اوسط خسارہ 7 فیصد رہا۔
یاد رہے اس سے قبل بلاول نے تحریک انصاف کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا تھا کہ نااہل اورناکام حکومت نے عوام کا معاشی قتل کیا، پاکستان کا شدید نقصان کیا جا رہا ہے۔