اسلام آباد: (دنیا نیوز) جہانگیر ترین کے سیاسی رابطوں اور ملاقاتوں میں تیزی آگئی، گزشتہ 24 گھنٹوں میں پی ٹی آئی رہنما نے 11 سے زائد ارکان قومی اسمبلی سے ملاقاتیں کر کے حکومتی اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیرترین کی سیاسی منظر پر سرگرمیوں میں تیزی آگئی ہے۔ جہانگیر ترین سے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کی ملاقات کی جبکہ کراچی سے تحریک انصاف کے ایم این اے عبدالشکور شاد بھی جہانگیر ترین سے ملے۔
کرم ایجنسی سے متحدہ مجلس عمل کے ایم این اے منیر خان اورکزئی اور پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی ابراھیم خان، عبد الغفار وٹو، فیض کموکا، راجہ ریاض، رضا نصراللہ گھمن، جاوید وڑائچ نے بھی جہانگیر ترین سے ملاقاتیں کیں۔ جہانگیر ترین سے جی ڈی اے ایم این اے غوث بخش مہر اور آزاد ایم این اے اسلم بھوتانی ے بھی ملکر مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
جہانگیر ترین نے تمام ممبران کے حلقوں سے متعلق مسائل وزیراعظم تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقاتوں میں سیاسی صورتحال، حکومتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔