ن لیگ کا اجلاس: بلدیاتی نظام کی تبدیلی پر احتجاج اور شدید ردعمل دینے پر اتفاق

Last Updated On 29 April,2019 07:40 pm

لاہور: (دنیا نیوز) اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف کے زیر صدارت پارلیمانی کور کمیٹی پنجاب کا اجلاس ہوا جس میں بلدیاتی نظام کی تبدیلی پر ایوان کے اندر بھرپور احتجاج اور شدید ردعمل دینے پر اتفاق کیا گیا۔

اجلاس حمزہ شہباز کے زیر صدارت مسلم لیگ ن کے پارٹی سیکرٹریٹ 180 ایچ میں ہوا۔ اجلاس میں ملک احمد خان، ملک ندیم کامران، منشا اللہ بٹ اور عطا اللہ تارڑ سمیت دیگر سینئر ارکان پنجاب اسمبلی شریک ہوئے۔ کور کمیٹی اجلاس میں پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں بلدیاتی نظام اور بلدیاتی بل پر لائحہ عمل اپنانے بارے مشاورت ہوئی۔

اجلاس میں لیگی اراکین کی معطلی بارے بھی مشاورت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق حکومت کو بلدیاتی نظام میں تبدیلی کی صورت میں سخت احتجاجی مظاہرے کرنے پر بھی غور کیا گیا۔

اجلاس کے بعد لیگی رہنما عطا اللہ تارڑ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بلدیاتی نظام کی تبدیلی عدالتی احکامات کی توہین ہے۔ تحریک انصاف کے بلدیاتی نمائندے بھی موجودہ نظام کی تبدیلی نہیں چاہتے۔ تحریک انصاف کے لوگ بھی اس نکتے پر ہمارے ساتھ ہیں۔