کراچی: (دنیا نیوز) ڈاکٹر رضا باقر نے گورنر بینک دولت آف پاکستان کے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔
صدر پاکستان نے سٹیٹ بینک آف پاکستان ایکٹ 1956ء کی شق 10(3) کے مطابق انہیں تین سال کی مدت کے لیے گورنر سٹیٹ بینک مقرر کیا ہے۔
ڈاکٹر رضا باقر اٹھارہ سال آئی ایم ایف اور دو سال ورلڈ بینک میں کام کرنے کا تجربہ رکھتے ہیں۔ وہ اگست 2017ء سے مصر میں آئی ایم ایف آفس کے سربراہ اور سینئر ریزیڈنٹ نمائندے تھے۔
وہ رومانیہ اور بلغاریہ میں آئی ایم ایف کے مشن چیف، آئی ایم ایف کے قرضہ پالیسی ڈویژن کے ڈویژن چیف، پیرس کلب کے آئی ایم ایف وفد کے سربراہ، آئی ایم ایف کے ایمرجنگ مارکیٹس ڈویژن کے ڈپٹی ڈویژن چیف، فلپائن میں آئی ایم ایف کے ریزیڈنٹ نمائندے اور متعدد دیگر عہدوں پر بھی تعینات رہ چکے ہیں۔
ڈاکٹر باقر کی تحقیق معاشیات کے صف اول کے جرائد بشمول جرنل آف پولیٹیکل اکانومی اور کوارٹرلی جنرل آف اکنامکس میں شائع ہو چکی ہے۔
ڈاکٹر باقر نے یونیورسٹی آف کیلیفورنیا، برکلے سے معاشیات میں پی ایچ ڈی اور ہارورڈ سے معاشیات میں اے بی (میگنا کم لاڈ) کی اسناد حاصل کیں۔