اسلام آباد: (دنیا نیوز) رمضان میں 80 فیصد فیڈرز لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ ہونگے۔ مالی سال 2019-20ء میں گردشی قرض کو 96 ارب روپے تک لایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت توانائی کے شعبے میں اصلاحات سے متعلق اجلاس ہوا جس میں بتایا گیا کہ ترسیلی نظام کی خامیاں دور کرنے سے صلاحیت میں 3000 میگا واٹ کا اضافہ ہوا ہے۔
وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ ترسیلی نظام کی بڑی خامیاں دور کرنے سے رمضان میں 80 فیصد فیڈرز لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ ہونگے۔ بجلی چوری پر اب تک 27 ہزار سے زائد مقدمے درج کر کے 4225 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
وزرات توانائی کا کہنا تھا کہ مالی سال 2017-18ء کے دوران گردشی قرضوں میں 450 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔ مالی سال 2019-20ء میں گردشی قرض کو 96 ارب روپے تک لایا جائے گا۔
اجلاس میں وزیر توانائی عمر ایوب خان، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر اور معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان سمیت اہم حکام نے شرکت کی۔