لاڑکانہ: (دنیا نیوز) رتو ڈیرو میں ایچ آئی وی متاثرہ افرد کی تعداد 287 ہوگئی جس میں 220 بچے بھی شامل ہیں، سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام نے تصدیق کر دی۔
رتو ڈیرو کے گرد و نواح میں ایچ آئی وی پھیلنے کے بعد لگائے جانے والے اسکریننگ کیمپ میں عوام کی اسکریننگ کا عمل تاحال جاری ہے، انچارج سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام ڈاکٹر سکندر میمن کے مطابق اب تک 6200 افراد کی اسکریننگ مکمل ہوئی ہے جس میں سے 287 افراد میں ایچ آئی وی کی تشخیص ہو گئی، جن میں 220 بچے اور 67 بڑے شامل ہیں، جس کے بعد 82 متاثرہ بچوں کے علاج کا آغاز کر دیا گیا۔
ڈاکٹر سکندر میمن کے مطابق اسکریننگ کا عمل تاحال جاری ہے، ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر سکندر میمن نے بتایا کے ایڈز پھیلانے کے الزام میں گرفتار ڈاکٹر مظفر بضد ہیں کہ ان کا ایچ آئی وی ٹیسٹ نہ ہو جبکہ قانون بھی کہتا ہے کہ اگر کوئی ٹیسٹ نہ کروانا چاہے تو اسے مجبور نہیں کیا جاسکتا تاہم ابھی تک کسی اتھارٹی نے ہمیں ڈاکٹر مظفر کا ٹیسٹ کرنے کے لیے نہیں کہا، جب کوئی کہے گا تو دیکھیں گے کہ قانون کیا کہتا ہے۔