اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان میں ادویات کی قیمتوں کا تعین بڑا مسئلہ ہے۔ نیشنل میڈیسن پالیسی بنائیں گے جبکہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی میں بھی اصلاحات لائی جائیں گی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ دوائیوں کی قیمتوں پہ کچھ تجاویز کابینہ کو دی ہیں۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ پہلا فیصلہ جس کی کابینہ نے توثیق کی وہ یہ ہے کہ جتنی بھی ان چار سو چونسٹھ دوائیوں کی قیمتیں پچھتر فیصد سے زیادہ بڑھی تھیں، ان سب کو واپس لایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈرگ کورٹ کے ذریعے دوائیوں کی قیمتیں کم کی جائیں گی۔ ادویات کی قیمتوں میں کمی سے آٹھ ارب ملیں گے جسے مستحق مریضوں کے علاج پرخرچ کیا جائے گا۔
معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفراللہ مرزا کا کہنا تھا کہ ادویات کی قیمتوں میں پہلے ہی کمی آنی چاہیئے تھی جو نہ ہوسکی۔ تاہم نئی ادویات مارکیٹ میں آئیں گی تو قیمتیں کم ہو جائیں گی۔