پنجاب میں ینگ ڈاکٹرز کا احتجاج، او پی ڈیز بند، مریض رل گئے

Last Updated On 07 May,2019 06:24 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ینگ ڈاکٹرز کا احتجاج جاری ہے۔ سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈیز میں کام بند ہے۔ ڈاکٹر، نرسز، پیرا میڈیکل سٹاف کی بے حسی کے باعث لاتعلق مریض رل گئے۔

محکمہ صحت نے ایم ٹی آئی ایکٹ پر کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ دوسری طرف ہسپتالوں کی نجکاری کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کر ا دی گئی ہے۔

لاہور کے سرکاری ہسپتالوں میں مریض رلنے لگے۔ راولپنڈی میں بھی نعرے لگاتے ینگ ڈاکٹرز سراپا احتجاج ہیں۔ سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈی بند ہے جس سے مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

فیصل آباد کے سرکاری ہسپتالوں میں بھی ڈاکٹروں کی ہڑتال ہے۔ آؤٹ ڈور بند ہیں۔ مایوس مریض خواری کے بعد گھروں کو لوٹ گئے۔ محکمہ صحت نے ایم ٹی آئی ایکٹ پر کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

کمیٹی میں سپیشل سیکرٹری ہیلتھ، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی، فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے علاوہ پی ایم اے اور ینگ ڈاکٹرز کے نمائندوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

کمیٹی کو 1 ہفتے میں سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کی نجکاری کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی گئی ہے۔

قرارداد مسلم لیگ ن کی رکن حنا پرویز بٹ نے جمع کرائی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں حکومت کو نجکاری کی اجازت نہیں دے گی۔