محکمہ صحت کیساتھ مذاکرات کامیاب، کراچی میں نرسز نے دھرنا ختم کردیا

Last Updated On 06 May,2019 08:12 pm

کراچی: (دنیا نیوز) محکمہ صحت سندھ اور نرسوں کے درمیان مذاکرات کامیاب، 8 روز سے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاج کرنے والی نرسوں نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ سیکرٹری صحت نے الاؤنسز، ترقی اور دیگر مسائل کے حل کی یقین دہانی کرا دی۔

نرسوں کا احتجاج رنگ لے آیا۔ محکمہ صحت سندھ نے نرسوں کے مطالبات تسلیم کر لیے۔ محکمہ صحت سندھ اور نرسنگ الائنس کے مذاکرات کامیاب ہو گئے۔

سیکرٹری صحت سندھ نے نرسوں کے مطالبات پورے کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔ الاؤنسز میں اضافے، ترقیوں اور دیگر مسائل کے حوالے سے نوٹیفکشن بھی جلد جاری کیا جائے گا۔

سیکرٹری صحت کی یقین دہانی کے بعد نرسوں نے احتجاجی دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ اس سے قبل نرسوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس جانے کی کوشش کی تھی لیکن پولیس آج بھی رکاوٹ بن گئی۔

وزیراعلیٰ ہاؤس جانے کی اجازت نہ ملنے پر نرسوں نے دوبارہ پریس کلب کے باہر دھرنا دے دیا۔ نرسوں کے احتجاج اور پولیس کی جانب سے رکاوٹیں کھڑی کرنے سے ریڈ زون اور اطراف میں بدترین ٹریفک جام رہا۔