پاکستان سٹیل کی ممکنہ نجکاری کے خلاف ملازمین کا کراچی میں احتجاج

Last Updated On 06 May,2019 01:05 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی نینشل ہائی وے پر سٹیل مل کی نجکاری کیخلاف ملازمین نے احتجاج کیا اور علامتی احتجاج ریکارڈ کرانے کے بعد نیشنل ہائی وے کو ٹریفک کے لئے بحال کر دیا گیا۔

ملیر پریس کلب کے سامنے نینشل ہائی وے پر سٹیل مل کی نجکاری کے خلاف ملازمین نے احتجاج کیا اور ایک گھنٹے بعد علامتی احتجاج ختم کرنے کا اعلان کر دیا جس کے بعد نیشنل ہائی وے کے ٹریک کو بحال کیا گیا، احتجاج کے باعث ملازمین نے نیشنل ہائی وے کا ایک ٹریک بند کر دیا تھا۔

یاد رہے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے آئی ایم ایف کی مشاورت سے نجکاری کیلئے پیش کئے جانے والے قومی اداروں کی فہرست کو 10 مئی کے فوری بعد ازسرنو ترتیب دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی کابینہ سے نجکاری کیلئے پیش کئے جانے والے اداروں کی اضافہ شدہ فہرست کی منظوری لی جائے گی۔

بتایا گیا ہے کہ پبلک سیکٹر انٹرپرائزز جن کے سالانہ نقصانات 93 ارب روپے تھے، بڑھتے بڑھتے اب سالانہ 453 ارب روپے تک پہنچ گئے ہیں، نقصانات کا سبب بننے والے 193 قومی اداروں میں سے 43 کو بند کرنے، پہلے مرحلے میں 48 کی نجکاری کرنے اور باقی کو آئندہ 3 سال کے دوران نجکاری کیلئے تیار کر کے انہیں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چلانے یا ان کی مرحلہ وار نجکاری کر کے قومی خزانے پر ان کے بوجھ کو کم سے کم رکھنے کی نئی حکمت عملی بنائی جائے گی۔