چئیرمین نیب کیخلاف نجی چینل کی خبر جھوٹ، حقائق کےمنافی ہے: ترجمان

Last Updated On 24 May,2019 12:28 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو نے چیئرمین نیب کے حوالے سے نجی ٹی وی کی خبر کو بے بنیاد، جھوٹ اور حقائق کے منافی قرار دے کر مسترد کر دیا ہے۔

ترجمان نیب کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ بلیک میلر گروپ کے خلاف بیالیس ایف آئی آرز درج ہیں۔ گروپ کے دو افراد کو گرفتار کرکے ریفرنس کی منظوری بھی دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان نیب نے ادارے کے چیئرمین کے خلاف نجی ٹی وی چینل کی خبر کی تردید کرتے ہوئے اسے حقائق کے منافی، بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی قرار دیدیا ہے۔

ترجمان نیب کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جھوٹی خبر کا مقصد چیئرمین نیب کی ساکھ کو مجروح کرنا ہے۔ تمام دباؤ اور بلیک میلنگ کو پس پشت رکھتے ہوئے گروپ کے 2 افراد کو گرفتارکیا۔ اس گروپ کے 2 افراد کے خلاف ریفرنس کی بھی منظوری دی گئی۔

نیب ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بلیک میلر گروپ کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں 42 ایف آئی آر درج ہیں۔ درج مقدمات میں بلیک میلنگ، اغوا برائے تاوان اور عوام کو لوٹنے کے الزامات ہیں۔ ملزمان کے خلاف ایف آئی اے اور نیب کے جعلی افسران بن کر لوٹنے کے ثبوت موجود ہیں۔

ترجمان کے مطابق بلیک میلر گروپ کا سرغنہ فاروق اس وقت کوٹ لکھپت جیل میں قید ہے۔ نجی چینل پر چلنے والی خبر حقائق کے منافی ہے۔ نجی چینل نے دل آزاری پر چیئرمین نیب سے معذرت کی ہے۔

 

Advertisement