کوئٹہ: رحمانیہ مسجد میں دھماکا، پیش امام سمیت 3 افراد شہید

Last Updated On 24 May,2019 08:57 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) پشتون آباد دھماکے کا ایک اور زخمی چل بسا، دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد تین ہو گئی جبکہ افراد 27 زخمی ہیں۔

ابتدائی تفصیلات کے مطابق نامعلوم دہشتگردوں نے دھماکا خیز مواد مسجد کے اندر چھپا رکھا تھا، رمضان المبارک کے دوران نماز جمعہ ادا کرنے کیلئے نمازیوں کی بڑی تعداد مسجد میں موجود تھی جونہی نماز شروع ہوئی زور دار دھماکہ ہو گیا۔

 ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جبکہ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔ زخمیوں میں سے کئی کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

کوئٹہ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے اپنے بیان میں اسے گھناؤنی سازش قرار دیا، انہوں نے کہا کہ عدم استحکام پیدا کرنے والوں کا مقابلہ پوری طاقت سے کیا جائے گا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن عناصر کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نےبھی قیمتی جانوں کے ضیاں پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے زخمیوں کی صحتیابی کیلئے دعا بھی کی۔

مسلم لیگ ن کے رہنما شہبازشریف اور وزیراعلی ٰ سند ھ مراد علی شاہ نے بھی کوئٹہ کی پرزور الفاظ میں مذمت کی۔

شہر میں سیکیورٹی کی صورتحال بارے بات کرتے ہوئے ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے کہا کہ ہم شہر کی 618 مساجد کو سکیورٹی فراہم کر رہے ہیں۔ شہر کی 40 مساجد ایسی ہیں کہ جہاں مقامی رضاکار سکیورٹی ڈیوٹی دیتے ہیں۔

ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے کہا کہ شہر میں سکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔