چیئرمین نیب کےمعاملے پر پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے: خواجہ آصف‌

Last Updated On 27 May,2019 05:43 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ن لیگی رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب کو بلیک میل کرنے کی مہم چلائی جارہی ہے، اس معاملے پر پارلیمنٹری کمیٹی تشکیل دی جائے۔ وطن عزیز بحرانوں سے گزر رہا ہے، آئی ایم ایف کے بندے ہماری معشیت پر آکر بیٹھ گئے، اس سے برا وقت ہماری معشیت پر کبھی نہیں آیا۔ اب پی ٹی آئی نے لیز پر مشیر خزانہ لے لیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں بہت سے لوگ عمران خان کی جگہ لینے کیلئے بیٹھے ہوئے ہیں۔

قومی اسمبلی میں اپنے خطاب میں ن لیگی رہنما خواجہ آصف کا کہنا تھاکہ کل جو واقعہ پیش آیا اس پر اور نیب کے حوالے سے بات ہونی چاہیئے، انھوں نے کہا کہ حکومت غیر اداری طور پر ایسے اقدامات اٹھا رہی ہے جس سے معاشی بحران بڑھ رہا ہے، جو معاشی ٹیم معیشت کو چلا رہی ہے ان کا پارلیمنٹ سے کوئی تعلق نہیں۔ گزشتہ وزیر خزانہ بڑے تکبر سے بات کیا کرتےتھے، اب انہیں قائمہ کمیٹی کا چیئرمین بنا دیا گیا ہے۔ حکومت مشیر خزانہ بھی لائی جو ن لیگ اور پیپلزپارٹی دونوں کا حصہ رہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ہماری حکومت میں نیب ترامیم نہیں کی گئی جس کا افسوس ہے، نیب قانون جس نیت سے بنایا گیا ہم نے اسے بھگتا ہے،8 ماہ پہلے حکومت اور اپوزیشن کےدرمیان نیب ترامیم سے متعلق رابطہ ہوا جس کے دوران اس وقت حکومت کی طرف سے کم اور اپوزیشن کی طرف سے زیادہ تجاویز پیش کی گئیں تاہم عملدرآمد نہ ہو سکا۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ چئیرمین نیب کو بلیک میل کرنے کی مہم چلائی جا رہی ہے، معاملے پر پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے۔ حکومتی جماعت پر جملہ باندھتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں بہت سے لوگ عمران خان کی جگہ لینے کیلئے بیٹھے ہوئے ہیں سپیکر اسد قیصر کو اس کا علم ہے،جس پر سپیکر نے مسکراتے ہوئے کہا کہ جی نہیں، مجھے کوئی علم نہیں۔