ملائیشیا سے رہائی پانے والے 320 قیدی وطن واپس پہنچ گئے

Last Updated On 29 May,2019 10:03 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ملائیشیا سے رہائی پانے والے 320 قیدی وطن واپس پہنچ گئے۔ پاکستانیوں کو ویزا معیاد اور رہائشی پرمٹ کی مدت مکمل ہونے کی خلاف ورزیوں پر گرفتار کیا گیا تھا۔ قیدی وطن واپس پہنچنے پر خوشی سے نہال، طیارے میں وزیراعظم عمران خان کے حق میں نعرہ بازی کی۔

تفصیلات کے مطابق ملائیشیا کی جیلوں سے رہا ہونے والے پاکستانیوں اور اہلخانہ کیلئے عید کا تحفہ، پی آئی اے کی خصوصی پرواز 320 پاکستانیوں کو لے کر وطن واپس پہنچ گئی۔

قیدیوں کو جب طیارے میں سوار کیا گیا تو وہ جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور وزیراعظم عمران خان اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا دئیے۔ پاکستانی قیدیوں کی رہائی وزیراعظم عمران خان کی خصوصی کاوشوں سے عمل میں آئی ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تمام عمل کی ذاتی طور پر نگرانی کی۔ ان کا کہنا ہے کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی فلاح وبہبود ہمیشہ اولین ترجیح ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے ٹویٹ میں پاکستانیوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزارت خارجہ نے ان پاکستانیوں کی جلد وطن واپسی کیلئے خصوصی سیل قائم کیا۔

سیل پی آئی اے، سمندر پار پاکستانیوں کی وزارت اور پاکستان بیت المال کے حکام پر مشتمل تھا۔ وزیراعظم اور وزیر خارجہ کی کوششوں سے پاکستانی عید اہلخانہ کے ساتھ گزار سکیں گے۔
 

Advertisement