لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر زرتاج گل کے خلاف آرٹیکل 62 کے تحت کاروائی کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی، قرارداد مسلم لیگ ن کی رکن عظمیٰ بخاری کی جانب سے جمع کرائی گئی۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ وفاقی وزیر زرتاج گل نے اپنے عہدے کا غلط استعمال کیا، انہوں نے سیاسی اثر رسوخ کے استعمال سے اپنی بہن شبنم گل کی بطور ڈائریکٹر نیکٹا تعیناتی کرائی، زرتاج گل نے اپنی بہن کو ڈائریکٹر نیکٹا تعینات کرانے کے لئے سیکرٹری داخلہ کو خط لکھا، شبنم گل کا انسداد دہشتگردی میں نہ کوئی تجربہ اور نہ کوئی ریسرچ ہے۔
قرارداد میں مزید کہا گیا شبنم گل لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی میں بطور اسسٹنٹ پروفیسر تعینات تھی جبکہ شبنم گل 9 سال بعد بھی اپنی پی ایچ ڈی مکمل نہیں کر سکیں، وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی زرتاج گل کے خلاف آرٹیکل 62 ون کے تحت کاروائی عمل میں لائی جائے، زرتاج گل ماحولیات جیسی اہم وزارت کی اہل نہیں رہی، ان کو فی الفور نا اہل قرار دیا جائے۔