عالم دین علامہ عباس کمیلی انتقال کر گئے، وزیراعظم کا اظہار افسوس

Last Updated On 08 June,2019 09:02 pm

کراچی: (دنیا نیوز) معروف عالم دین علامہ عباس کمیلی انتقال کر گئے۔ ان کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، شاہ خراسان میں نمازجنازہ کی ادائیگی کے دوران سیاسی شخصیات سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

دنیا نیوز کے مطابق علامہ عباس 4 ماہ سے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ ان کا شمار پاکستان کے ممتاز عالم دین میں ہوتا تھا علامہ عباس کمیلی نے اتحاد بین المسلمین کیلئے گراں قدر خدمات انجام دیں۔

ترجمان ایم ڈبلیو ایم علامہ راجہ ناصر کے مطابق معروف عالم دین علامہ عباس کمیلی ہمیشہ اتحاد بین المسلین کے لئے سرگرم عمل رہے اور جعفر یہ الائنس پاکستان کے سربراہ تھے۔ علامہ عباس کمیلی فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سرپرست اراکین میں سے تھے۔

ترجمان ایم ڈبلیو ایم علامہ راجہ ناصر کا کہنا تھا کہ معروف عالم علامہ عباس کمیلی دین نے ہمیشہ فلسطین و کشمیر کے مظلوموں کے لئے آواز اٹھائی۔

وزیراعظم عمران خان نے علامہ عباس کمیلی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ علامہ عباس کمیلی اتحاد بین المسلمین اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی مضبوط آواز تھے۔ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ اور سوگواران کو صبر عطا فرمائے۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بھی علامہ عباس کمیلی کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا۔ صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ علامہ عباس کمیلی اتحاد بین المسلمین اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی ایک مضبوط آواز تھے۔ اللہ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ دے۔ سوگواران کو صبر عطا فرمائے۔