کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے بفروزن میں بھی پانی کی صورتحال بہت خراب ہے، پندرہ بی کے مکین بوند بوند کو ترس گئے۔
شہر قائد کے مکین سخت گرمی میں بوند بوند پانی کو ترس گئے، ضلع وسطی میں ماہ رمضان کے دوران بھی واٹر بورڈ کی لائنوں سے پانی کی نعمت میسر نہ آسکی۔ بفرزون پندرہ بی میں پانی کی قلت اتنی بڑھ گئی کہ بچے ہو یا بڑے سب ہی پانی کے حصول کیلئے پریشان ہیں۔
علاقہ میں پانی کے بحران کے باعث خواتین سب سے زیادہ مشکلات سے دوچار ہیں، جن کیلئے رمضان کے بعد عید کے موقع پر بھی امور خانہ داری کی انجام دہی کڑا امتحان بن گئی۔
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ بفرون پندرہ بی جہاں روزانہ بارہ بارہ گھنٹے پانی آتا تھا ، اب مہینے بھر میں دو گھنٹے بھی پانی میسر نہیں ہے، اس علاقہ کا پانی واٹر بورڈ کا متعلقہ عملہ مبینہ رشوت کے عوض دیگر علاقوں کو فراہم کر رہا ہے۔
مکینوں کا کہنا ہے کہ لائنوں سے آنے والے پانی میں سیوریج کا پانی شامل ہونے کی شکایات بھی عام ہوگئی ہے، متعلقہ محکمے کی جانب سے شکایات پر بھی کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ہے، معاملے پر دنیا نیوز نے واٹر بورڈ کا موقف جاننے کی کوشش کی مگر حکام بالا کتراتے رہے۔