لندن: (دنیا نیوز) سکاٹ لینڈ یارڈ پولیس نے متحدہ بانی کو لندن میں گرفتار کر لیا۔ کارروائی میں 15 پولیس افسران نے حصہ لیا، پوچھ گچھ کے لئے متحدہ بانی کو مقامی پولیس سٹیشن منتقل کر دیا گیا ہے۔
بانی متحدہ کی گرفتاری کے لئے اسکاٹ لینڈ یارڈ پولیس نے علی الصبح کارروائی کی، کارروائی میں 15پولیس افسران نے حصہ لیا۔ گرفتاری کے بعد لندن پولیس کی جانب سے جاری کر دہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ گرفتار شخص کی عمر 60 سال کے قریب ہے جس کا تعلق ایم کیو ایم سے ہے، اس شخص پر نفرت انگیز مواد کی حوصلہ افزائی کا الزام ہے، گرفتار شخص نے سیکشن 44 کرائم ایکٹ 2007 کی خلاف ورزی کی۔
لندن پولیس کے مطابق گرفتار شخص کو ساؤتھ لندن پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا گیا ہے، گرفتار شخص کے گھر کی تلاشی بھی لی گئی، پولیس کے مطابق نارتھ ویسٹ میں کمرشل ایڈریس کی بھی چھان بین کی جا رہی ہے۔ گرفتاری 2016 میں متنازع تقریر کے تناظر میں لائی گئی، تحقیقات کے حوالے سے پولیس پاکستانی حکام کیساتھ رابطے میں ہے۔