اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کے پروڈکشن آرڈر اگلے ہفتے جاری کر دیے جائیں گے۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق راجا پرویز اشرف کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے وفد نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی جس میں سابق صدر آصف علی زرداری، محسن داوڑ اور علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سپیکر اسد قیصر نے محسن داوڑ اور علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں اراکین کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنا میرے بس میں نہیں ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے پیپلز پارٹی کے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ آصف علی زرداری کے پروڈکشن آرڈر اگلے ہفتے جاری کر دیے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری کے پروڈکشن آرڈر پیر کے روز ہونے والے اجلاس کے لیے جاری ہونے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پیپلز پارٹی اجلاس: آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر کی درخواست کا فیصلہ
خیال رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے زیر صدارت مشاورتی اجلاس ہوا جس میں آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرانے اور بجٹ کے معاملے پر غور کیا گیا۔
بلاول بھٹو نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا معاملہ سپیکر قومی اسمبلی کے ساتھ اٹھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ رکن قومی اسمبلی کا اجلاس میں شرکت کرنا آئینی حق ہے۔ سپیکر سے معاملہ اٹھا کر رولز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی درخواست کی جائے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اپوزیشن رہنماؤں کو فرضی اور جعلی مقدمات میں جیلوں میں ڈالنا احتساب نہیں انتقام ہے۔ ہم نے ہمیشہ عدلیہ اور قانون کی بالادستی کی بات کی۔ حکومت کی جانب سے قانون کی دھجیاں بکھیرنے پر عدلیہ نوٹس لے۔