اسلام آباد: (دنیا نیوز)نیب کی زیرحراست سابق صدر آصف علی زرداری کا ڈاکٹروں کی ٹیم نے طبی معائنہ کیا جس کے دوران دل کی دھڑکن، بلڈ پریشرنارمل اور شوگر لیول کم نکلا۔ میڈیکل بورڈ آصف زرادی کا شام کو دوبارہ طبی معائنہ کرے گا۔
میگا منی لانڈرنگ کیس میں زیر تفتیش آصف علی زرداری کے طبی معائنے کیلئے ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم نیب دفتر پہنچی اور سابق صدر کا مکمل چیک اپ کیا۔ اس دوران آصف زرداری کے دل کی دھڑکن، شوگر لیول اور بلڈ پریشر بھی چیک کیا گیا جس میں سے شوگر لیول کم نکلا۔ ڈاکٹروں کے مطابق سابق صدر کی دل کی دھڑکن اور بلڈ پریشر نارمل ہے۔ میڈیکل بورڈ شام کو ان کا دوبارہ معائنہ کرے گا۔
سابق صدر آصف زرداری کی درخواست ضمانت اسلام آباد ہائی کورٹ نے 3 روز قبل مسترد کی تھی جس پر نیب نے انھیں زرداری ہاوس اسلام آباد سے گرفتار کر لیا تھا۔ آصف زرداری کو 10 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا گیا ہے۔