جعلی اکاؤنٹس کیس: ایگزیکٹو ڈائریکٹر لینڈ کراچی کو گرفتار کر لیا گیا

Last Updated On 13 June,2019 05:23 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب کا ایکشن جاری، لینڈ ڈیپارٹمنٹ کراچی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سجاد عباسی کو گرفتار کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق جعلی اکاؤنٹس کیس میں ایک اور بڑی گرفتاری سامنے آئی ہے۔ لینڈ ڈیپارٹمنٹ کراچی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سجاد عباسی کو نیب نے ضمانت خارج ہونے پر اسلام آباد ہائیکورٹ سے گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم پر کراچی میں فلاحی پلاٹس کی غیر قانونی الاٹمنٹ کا الزام ہے۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کیا لوٹ کا مال ہے جو بھی آئے کھا کر چلا جائے، نیب بتائے اس کیس میں وزیراعلیٰ سندھ کو ملزم کیوں نہیں بنایا؟

اُدھر احتساب عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کے پنک ریزیڈنسی ریفرنس میں ملزمان کو فرد جرم کے لئے ریفرنس کی نقول فراہم کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

کراچی جیل میں موجود ملزم عبدالغنی مجید کو اسلام آباد منتقل نہ کئے جانے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا اور آئندہ سماعت پر تمام ملزمان کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔