خیبر پختونخوا فوڈ اتھارٹی نے ماہ رمضان کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی

Last Updated On 14 June,2019 03:55 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی نے ماہ رمضان کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی۔ سو سے زائد اشیائے خورونوش یونٹس اور فیکٹریوں کو سیل کیا گیا۔ ماہ صیام میں بارہ ہزار لیٹر مضر صحت دودھ تلف کیا گیا۔

کے پی فوڈ اتھارٹی کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق رمضان المبارک کے دوران صوبائی درالحکومت پشاور کے مختلف علاقوں میں 6 ہزار کاروائیاں کی گئیں۔

مضر صحت اشیائے خورونوش کے 156 یونٹس و فیکٹریوں کو سیل کیا گیا۔ ماہ صیام کے دوران 2000 کلوگرام ملاوٹی چائے، 1900 کلوگرام مضر صحت نمک، چالیس ہزار لٹر سے زائد مضر صحت مشروبات، 4200 کلوگرام مضر صحت مصالحے، بارہ ہزار لیٹر مضر صحت دودھ تین ہزار کلوگرام سے زائد بیکری آٹیمزکو تلف کیا گیا۔

کارروائیوں میں 1500 کلوگرام سے زائد غیر معیاری کلرز اور اتنی ہی مقدار میں غیر معیاری گوشت کو ٹھکانے لگایا گیا۔ فوڈ اتھارٹی نے ڈی آئی خان میں پنجاب سے داخل ہونے والے چار دودھ ٹینکرز کے نمونے لئے۔ تجزیہ پر دو ٹینکرز میں ملاوٹ پائی گئی جس پر آٹھ ہزار لٹر دودھ کو تلف کردیا گیا۔