خیبرپختونخوا:‌ مہنگائی کیخلاف اے این پی کے مختلف شہروں میں مظاہرے

Last Updated On 09 June,2019 08:53 pm

پشاور: (دنیا نیوز) عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ کپتان کی حکومت نے قلیل وقت میں ریکارڈ قرضے لئے ہیں۔ کمر توڑ مہنگائی نے متوسط طبقہ کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے۔ حالات پر قابو نہیں پایا گیا تو ملک میں خونی انقلاب آ سکتا ہے، بہت جلد ملکی حالات اور مہنگائی پر آل پارٹی کانفرنس بلائی جارہی ہے۔

عوامی نیشنل پارٹی نے فاروق اعظم چوک چارسدہ میں مہنگائی اور ملکی صورتحال کے خلاف جلسہ منعقد کیا جس سے خطاب کے دوران عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان نے کہا کہ کپتان نے یوٹرن کو بھی اچھی روایت قرار دیا لیکن میرے مطابق یوٹرن لینا بے شرمی کی انتہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب چئیرمین نے جب حکومتی ارکان پر ہاتھ ڈالنا شروع کیا تو ان کے خلاف سکینڈل نکالا گیا اور ایک فون کال کے ساتھ ہی چئرمین نیب غائب ہو گئے ہیں۔ فواد چوہدری کو تبدیل کرکے فردوس آنٹی کو وزیر اطلاعات بنایا گیا ہے جو روزانہ ٹی وی سکرین پر نظر آرہی ہے۔ فردوس آنٹی بھی پی پی پی کا حصہ اور وزیر رہ چکی ہے۔

ٹانک میں بھی مہنگائی کیخلاف عوامی نیشنل پارٹی کے کارکنوں نے کشمیر چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں مہنگائی کیخلاف اے این پی کے کارکن سڑکوں پر نکل آئے، عوامی نیشنل پارٹی کارکنان نے وفاقی اور صوبائی حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی، مظاہرین نے حکومت کے خلاف کتبے اور بینرز اٹھا رکھے۔ صوابی میں بھی عوامی نیشنل پارٹی نے مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔