خیبر پختونخوا حکومت افغان مہاجرین کے مزید قیام کی مخالف

Last Updated On 09 June,2019 12:34 pm

پشاور: (روزنامہ دنیا) خیبرپختونخوا حکومت نے افغان مہاجرین کے پاکستان میں مزید قیام کی مخالفت کردی۔ اس ضمن میں صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسف زئی نے کہا وفاقی حکومت سے سفارش کی ہے کہ افغان مہاجرین کے پاکستان میں قیام کی ڈیڈ لائن 30 جون کو ختم ہورہی ہے اس میں مزید توسیع نہ کی جائے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیر اطلاعات کے پی نے کہا ہم نے افغان مہاجرین کی 40 سال مہمان نوازی کی لیکن ان کی وجہ سے کے پی سمیت پورے ملک میں امن و امان کے مسائل ہیں، کاروبار اور انفراسٹرکچر بھی تباہ ہو چکا ہے، افغان مہاجرین اپنے وطن واپس جاکر پاکستان کیخلاف موجود جذبات کا خاتمہ کریں۔

انہوں نے کہا اپوزیشن احتجاج کرے لیکن قانون ہاتھ میں لینے والوں کیساتھ سختی سے نمٹا جائے گا، عمران خان نے ملک کو ٹریک پر ڈالا ہے، معیشت جلد بہتر ہوگی، میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ نواز شریف کو کیا ستارہ امتیاز ملا ہوا ہے۔ مریم اورنگزیب کہتی ہیں کہ نواز شریف سے عید پرفیملی کو ملنے نہیں دیا گیا،سارے چور اکٹھے ہو کر حکومت کیخلاف تحریک چلانا چاہتے ہیں، تحریک چلانے والے پہلے کرپشن کا حساب دیں۔