پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کابینہ کے اجلاس میں ریٹائرمنٹ کی عمر ساٹھ سے تریسٹھ سال کرنے کی منظوری دیدی گئی۔ پولی تھین بیگز کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات نہ ہونے پر وزیراعلیٰ نے برہمی کا اظہار کیا اور پندرہ دنوں میں اس کے خاتمے کی مہلت دیدی۔ کابینہ اجلاس معاونین خصوصی اور مشیروں کے بغیر ہوا۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کابینہ کا اجلاس وزیراعلیٰ محمود خان کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں ہائیکورٹ کے وزیراعلیٰ کے دو معاونین خصوصی اور تین مشیروں کی معطلی کے فیصلے کی وجہ سے معاونین اور مشیر اجلاس میں شریک نہ ہو سکے۔
اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کابینہ نے ریٹائرمنٹ کی عمر 60 سے 63 سال کرنے کی منظوری سمیت پراجیکٹ ملازمین کی چھٹیوں کی پالیسی میں ترمیم کی منظوری بھی دی گئی۔ میر علی بازار متاثرہ دکانوں کے لئے خصوصی پیکج کی منظوری دی گئی۔
وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ نے شاپنگ بیگز مسئلے پر برہمی کا اظہار کیا اور صوبے میں پلاسٹک شاپنگز بیگز کے خاتمے کے لیے سخت فیصلہ کرتے ہوئے پندرہ دن کی مہلت دیدی۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ جرنلسٹ انڈولمنٹ فنڈز کی منظوری بھی دی گئی جس کے تحت بے روزگار صحافیوں کو دو ماہ گزارہ الاؤنس دیا جائیگا جبکہ ساٹھ سال سے زیادہ عمر کے صحافیوں کو وظیفہ دیا جائیگا۔
خیبر پختونخوا کابینہ اجلاس میں معاونین خصوصی اور مشیروں کی شرکت نہ ہونے سے اراکین کی تعداد کم رہی۔ صوبائی حکومت نے ہائی کورٹ کے فیصلے پر غور کرنے اور جلد سماعت کےلیے دو درخواستیں جمع کرا دیں۔