اسلام آباد: (دنیا نیوز) پارک لین کیس میں آصف زرداری کی درخواست ضمانت پر سماعت آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہو گی، جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل 2 رکنی بنچ سماعت کرے گا۔
نیب نے پارک لین کیس میں آصف زرداری کے وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں، سابق صدر نے جعلی بینک اکاؤنٹس سے متعلق 8 مختلف نیب انکوائریز میں درخواست ضمانت دائر کی تھی۔ آصف زرداری کو میگا منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت مسترد ہونے پر گرفتار کیا گیا، جے وی اوپل انکوائری میں نیب کی جانب سے گرفتار نہ کرنے کے بیان پر درخواست نمٹائی جا چکی ہے۔
آصف زرداری 21 جون تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں ہیں، سابق صدر نے آج کی سماعت میں ذاتی حیثیت میں عدالت پیش کرنے کیلئے درخواست دائر کر رکھی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ انصاف کے تقاضوں پر پورا اترنے کیلئے آصف زرداری کی عدالت میں حاضری ضروری ہے، نیب کو حکم دیا جائے کہ دوران سماعت آصف زرداری کو عدالت پیش کرے۔