کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے بڑے حصے میں رات گئے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہری پریشان ہو گئے، شکایت کرنے پر لوگوں کو صرف فالٹ ہونے کا لالی پاپ دے دیا گیا۔
کے الیکٹرک کی جانب سے لوڈ مینجمنٹ اور فالٹ کے نام پر گھنٹوں بجلی بند کی جا رہی ہے۔ ملیر، گلشن معمار، احسن آباد، بلدیہ ٹاؤن میں بجلی غائب ہے، پہلوان گوٹھ، ایف سی ایریا، جناح اسکوائر، لیاقت سکوائر، علیم آباد، شیش محل میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ محبت نگر، ملیر جعفر طیار کالونی اور غریب آباد کے غریب مکین بھی بجلی کی بندش سے بے حال ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کے الیکٹرک کو شکایت کی تو جواب میں علاقائی فالٹ بتایا گیا۔
ادھر کراچی کے شہریوں کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے کے الیکڑک کو 150 میگاواٹ بجلی بھی فراہم کر دی گئی ہے۔ ترجمان این ٹی ڈی سی کے مطابق کے الیکڑک کے ساتھ اضافی 150 میگاواٹ بجلی کی سپلائی کا معاہدہ طے پاگیا ہے، بجلی کے الیکٹرک کی ڈیمانڈ اور عوام کی سہولت کے پیش نظر مہیا کی جاری ہے۔ ترجمان کے مطابق قومی گرڈ سے کے الیکڑک کو 650 میگاواٹ بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔