کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں بجلی کی عدم فراہمی کے بعد اب پانی بھی شہریوں کے لئے نایاب کر دیا گیا۔ 33 گھنٹے میں دھابیجی پمپنگ سٹیشن پر بجلی کا دوسرا بڑے بریک ڈاؤن کی وجہ سے لائن لیکیج کے باعث کراچی کو 50 ملین گیلن پانی فراہم نہیں کیا جاسکا۔
ذرائع کے مطابق صبح 4 بجے بند ہونیوالی بجلی 5 بجے بحال ہوئی جو دوبارہ 7 بجے بند ہوگئی۔ اچانک بجلی کی بندش سے 72 انچ کی ایک لائن پھٹ گئی جس کی وجہ سے کراچی کو پانی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر ایک وال بھی لیک ہوا، لائن کی مرمت کیلئے ماہرین، عملہ اور مشینری پہنچ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق شہر قائد کو بریک ڈاؤن اور لائن لیکیج کے باعث 50 ملین گیلن پانی فراہم نہیں کیا جاسکا۔ پانی کی بندش سے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پمپنگ سٹیشن پر بجلی بحال ہونے کے بعد ہی شہر کو پانی کی فراہمی ممکن ہوسکے گی۔