اسلام آباد: (دنیا نیوز) سیکٹرز ایریا کے رہائشی پانی کی بوند بوند کو ترس گئے۔ غیر قانونی کنکشنز اور واٹر ٹینکر مافیا کی وجہ سے پانی ناپید ہو گیا۔
اسلام آباد کے جن علاقوں میں پانی کی شدید قلت ہے، ان میں مارگلہ ٹاؤن سرفہرست ہے۔ سی ڈی اے کے ڈھائی سو ٹیوب ویلز میں سے 50 خراب پڑے ہیں۔ پانی سپلائی کی ذمہ داریاں جب سے منتخب نمائندوں کو منتقل ہوئی ہیں، پانی کا مسئلہ مزید گھمبیر ہو گیا ہے۔
شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں۔ مسلسل احتجاج کے باوجود میٹروپولیٹن کارپوریشن مارگلہ ٹاؤن اور سیکٹر ایریاز میں غیر قانونی کنکشنز ختم کرنے میں مکمل ناکام ہو گئی ہے۔
پانی کی فراہمی میں میٹروپولیٹن کارپوریشن کی ناکامی سے ٹینکر مافیا کی چاندی ہو گئی ہے۔ پانی کے بحران میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے مگر ارباب اختیار خواب خرگوش کے مزے لے رہے ہیں۔